24 اکتوبر ، 2023
اپنے لباس کا انتخاب آنکھوں کی رنگ کو مدنظر رکھ کر کرنا چاہیے۔
یہ دلچسپ دعویٰ اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی لباس میں اچھے نظر آنے کے لیے آنکھوں کے رنگ کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
تحقیق کے مطابق آنکھوں کی رنگت بہترین لباس کے انتخاب کے لیے سب سے اہم عنصر ہے۔
محققین نے بتایا کہ ہر فرد ہی اچھا نظر آنا چاہتا ہے، مگر کس رنگ کا لباس ہمارے اوپر زیادہ اچھا لگے گا، یہ فیصلہ ہماری آنکھوں کا رنگ کرتا ہے۔
اس تحقیق میں مختلف رنگ کے بالوں اور آنکھوں والے لگ بھگ 200 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
ان افراد کو ماڈلز کی تصاویر جِلد، بالوں اور آنکھوں کی رنگت کو تبدیل کر کے دکھایا گیا۔
محققین یہ جان کر حیران رہ گئے کہ بہترین لباس کے لیے آنکھوں کی رنگت بہت اہم ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ براؤن آنکھوں والے افراد کے لیے گہرے اور شوخ رنگ جیسے سرخ یا نارنجی ملبوسات کا انتخاب بہترین ہوتا ہے، اسی طرض گلابی اور پیلے رنگ کے لباس بھی ان افراد پر اچھے لگتے ہیں۔
محققین کے مطابق نیلی یا گرے آنکھوں والے افراد پر نیلے یا اس سے ملتے جلتے رنگ کے لباس زیادہ اچھے لگتے ہیں۔
ان کے بقول آنکھیں صرف روح کی کھڑکیاں ہی نہیں ہوتیں بلکہ وہ آپ کے بہترین لباس کے لیے بھی اہم ہوتی ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Psychology of Aesthetics, Creativity, and the Arts میں شائع ہوئے۔