25 اکتوبر ، 2023
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی رقم میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ٹریفک چالان کی رقم میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے، نئے جرمانوں کا اطلاق یکم نومبر سے شروع ہوگا۔
ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سوار کو 500 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا جب کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والےگاڑی کے ڈرائیور کو 3 ہزار ادا کرنے ہوں گے۔
ہیڈ لائٹ روشن نہ کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو 600 روپے جب کہ گاڑی والے کو 800 روپے ادائیگی کرنی ہوگی۔
ٹریفک پولیس حکام کا مزیدکہنا ہےکہ سگنل کی خلاف ورزی پر موٹر سائیکل اور کار سوار دونوں کو 500 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والا ایک ہزار روپے جب کہ کار ڈرائیور ڈیڑھ ہزار روپے بھرےگا۔
کم عمر موٹر سائیکل سوار ڈیڑھ ہزار روپے جب کہ گاڑی چلانے والا 2 ہزار روپے کا جرمانہ ادا کرےگا۔
ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والا ڈھائی سے تین ہزار روپےکا جرمانہ بھرے گا۔