Time 25 اکتوبر ، 2023
پاکستان

17 سال بعد ٹرین ہرنائی پہنچنے پر عوام میں خوشی کی لہر، سیکڑوں افراد اسٹیشن پہنچ گئے

سبی سے ہرنائی کیلئے ٹرین سروس بحال کرنے کیلئے ریلوے ٹریک کا ٹرائل آج سے شروع ہوگیا 17 سال بعد ٹرین ہرنائی اسٹیشن پہنچنے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق 16فروری 2006 کو دہشت گردوں کی جانب سے ریلوے لائن اور پلوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیے جانے کے بعد سبی ہرنائی کے درمیان ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت بند ہو گئی تھی۔

محکمہ ریلویز کی جانب سے 2017 میں سبی ہرنائی سیکشن پر ٹریک اور پلوں کی مرمت کا کام شروع کیا گیا اور تقریباً چار ارب روپے کی لاگت سے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد 7 اگست 2023 کو سبی ہرنائی کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت بحالی کا افتتاح گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے کیا تھا۔

تاہم بارشوں سے متاثرہ ٹریک کو ٹرین کی آمد و رفت کیلئے فٹ قرار نہ دیے جانے سے ٹرین سروس شروع نہ ہوسکی تھی۔ تقریباً ڈھائی ماہ کی جدوجہد کے بعد ریلوے کے عملے نے ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل کردی جس کے بعد بدھ سےریلوے ٹریک کا ٹرائل شروع کردیا گیا ہے۔

سبی سے ٹرائل ٹرین کے ہرنائی پہنچنے پر ہرنائی کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اسٹیشن پر ٹرین کی آمد کا جشن منایا۔

شہریوں کی بڑی تعداد اسٹیشن پہنچی جن میں مرد و خواتین اور بچے شامل تھے۔ سبی ہرنائی ریلوے سیکشن پر17سال کے بعد ٹرین سروس کی بحالی کا افتتاح 29اکتوبر کو متوقع ہے۔

مزید خبریں :