Time 26 اکتوبر ، 2023
کھیل

بابر نے ماضی میں بولرز کو مشورہ دینے پر شاداب اور رضوان کو ڈانٹا: سابق کرکٹر کا انکشاف

شاید انہیں منع کیا گیا ہو کیونکہ عام طور پر سینئر کھلاڑی بتاتے ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہورہا: سابق کھلاڑی__فوٹو: فائل
شاید انہیں منع کیا گیا ہو کیونکہ عام طور پر سینئر کھلاڑی بتاتے ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہورہا: سابق کھلاڑی__فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو میدان میں سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں کو مشورہ دینا پسند نہیں ہے۔

حال ہی میں ون ڈے ورلڈکپ کے سلسلے میں ہونے والے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں عمر گل نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ جب قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ تھے تب  بابر نے ایک سیریز کے دوران محمد رضوان اور شاداب خان کو مشورہ دینے پر ڈانٹا تھا۔

شو میں بات کرتے ہوئے عمر گل نے ایک سوال کے جواب میں کہا 'عام طور پر ایسا ہوتا ہے کہ جتنے بھی سینئر کھلاڑی ہوتے ہیں وہ دباؤ پڑنے کی صورت میں فوراً بولر کے پاس جاتے ہیں اور اس سے بات کرتے ہیں یا کپتان کے ذریعے اپنا پیغام بھجواتے ہیں'۔

بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا 'جب میں پاکستان ٹیم کے ہمراہ کوچنگ اسٹاف میں شامل تھا تب میں نے ایک دو واقعات ایسے دیکھے جہاں شاداب اور رضوان نے بولرز کو بتانے کی کوشش کی تو وہاں ان کو کپتان بابر اعظم کی جانب سے ڈانٹ پڑی'۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا 'شاید ان کے ذہنوں میں یہی بات ہو جس کی وجہ سے ورلڈکپ میں کوئی سینئر کھلاڑی بولرز کے پاس نہیں جا رہا یا ہو سکتا ہے انہیں منع کیا گیا ہو کیونکہ عام طور پر سینئر کھلاڑی بتاتے ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہو رہا'۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈکپ میں پاکستان کو افغانستان سے 8 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کی حکمتِ عملی تنقید کی زد میں ہے۔

مزید خبریں :