26 اکتوبر ، 2023
آئی سی سی ورلڈکپ میں پے درپے تین شکستوں کے باوجود قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ہمت نہ ہاری اور اس تمام تر مشکل صورتحال کے بعد کپتان کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے میں مصروف ہیں جس کی ویڈیو پی سی بی کی جانب سے بھی جاری کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے ایکس اکاؤنٹ پر کھلاڑیوں کی پریکٹس کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، ویڈیو میں ایک طرف جہاں کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس کرتے دیکھا گیا وہیں بابر اعظم کی پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں سے گفتگو او ر ان کی حوصلہ افزائی کو بھی سنا جا سکتا ہے۔
دوران پریکٹس بابر اعظم نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہم ایسا بہت بار کر چکے ہیں کہ نیچے سے اوپر اٹھے ہیں لیکن جب ہم نیچے سے اٹھتے ہیں تو سیدھا ٹاپ پر جاتے ہیں، تمام کھلاڑی وہ وقت یاد رکھیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے تو آسانی ہوگی، ہمیں ایک دوسرے سےکندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے، ہم نے پہلے بھی کرکے دکھایا ہے، ہم کم بیک کر چکے ہیں اور اب بھی ایسا کر سکتے ہیں، آپ لوگوں نے ہمت نہیں ہارنی۔
خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو پہلی بار ون ڈے میں شکست دی تھی، پاکستان اپنا اگلا میچ کل یعنی 27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔