26 اکتوبر ، 2023
امریکی اداکارہ سوزین سارینڈن نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ پر بمباری ہیروشیما پر گرائے گئے ایٹم بم کے برابر ہے۔
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 20 ویں روز شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے 481 فلسطینی شہید ہوئے۔
7 اکتوبر سے مجموعی طور پر اب تک 7028 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 2913 بچے اور 1709 خواتین شامل ہیں۔
امریکی اداکارہ سوزین سارینڈن نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر اب تک کی گئی بمباری کی مقدار 12 ہزار ٹن سے تجاوز کر گئی ہے جو کہ ہیروشیما پر گرائے گئے ایٹم بم کے برابر ہے۔
واضح رہے کہ 2005 کے بعد سے اب تک غزہ کو 5 بار اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہوا ہے اور اس بار ہونے والی شہادتیں گزشتہ 18 سال میں سب سے زیادہ ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی بمباری کے باعث 940 بچوں سمیت 1650 فلسطینی لاپتا ہیں۔
بیان کے مطابق امکان ہے کہ لاپتا افراد تباہ شدہ عمارتوں کےملبے تلےدبے ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت سے اب تک 12 اسپتال اور 57 طبی مراکز مکمل طور پر ناقابل استعمال ہوچکے ہیں۔