Time 27 اکتوبر ، 2023
پاکستان

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر کو شکایات پر نوٹس جاری کر دیا

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی سے 10 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔ فوٹو فائل
سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی سے 10 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو ان کے خلاف سامنے آنے والی شکایات پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہونے والے سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی اور سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف آنے والی شکایات کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے شکایات پر جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 10 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے اکثریت کی بنیاد پر جسٹس مظاہر علی نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کیا، کونسل کے تین کے مقابلے میں دو ارکان نے جسٹس مظاہر کو شوکاز نوٹس کی مخالفت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان بار کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کی مبینہ آڈیو لیک پر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل سپریم جوڈیشل کونسل کے آئندہ اجلاس میں بطور پراسیکیوٹر پیش ہوں گے جبکہ جسٹس مظاہر کو کونسل کی کارروائی کھلی عدالت میں چیلنج کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے، بطور جج مستعفی ہونے پر جسٹس مظاہر نقوی پنشن اور دیگر مراعات کے حقدار ہوں گے۔

مزید خبریں :