کھیل
Time 27 اکتوبر ، 2023

بُری امپائرنگ اور قوانین پاکستان کی شکست کی وجہ بنے، ہربھجن آئی سی سی پر برس پڑے

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ پاکستان کی جنوبی افریقا کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد آئی سی سی کے قوانین پر پھٹ پڑے۔

ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقا نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا۔

میچ میں ایک موقع ایسا آیا کہ جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 8 رنز جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک  وکٹ درکار تھی۔

ایسے میں حارث رؤف نے جنوبی افریقا کے ٹیل اینڈر بیٹر تبریز شمسی کوگیند کروائی جو کہ ان کے پیڈ پر لگی ، پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی لیکن  آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا تو گرین شرٹس نے ری ویو لینے کا فیصلہ کیا۔

ری ویو میں نظر آیا کہ حارث کی گیند وکٹ کو  معمولی چھو رہی ہے لیکن آن فیلڈ امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ دیا گیا تھا اس لیے وہ امپائرز کال کی وجہ سے ری ویو کے بعد بھی ناٹ  آؤٹ ہی رہا۔

اگر آن فیلڈ امپائر حارث کی اس گیند پر آؤٹ دے دیتے تو پاکستان میچ جیت جاتا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے ری ویو لینے پر بھی آؤٹ ہی قرار دیا جاتا۔ 

امپائرز کال کا قانون کیا ہے؟

دراصل اگر ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ دیا ہے تو بیٹنگ ٹیم کی جانب سے ری ویو لینے پر بس اگر گیند اسٹمپ کو لگ رہی ہو تو وہ ری ویو کے بعد بھی آؤٹ ہوگا۔

جبکہ اگر آن فیلڈ امپائر نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر ناٹ آؤٹ دیا ہے اور فیلڈنگ ٹیم کی جانب سے ری ویو لیا گیا تو  گیند کے کم سے کم آدھے حصے کو اسٹمپ پر لگنا ضروری ہے  تبھی حمتی فیصلے میں آؤٹ دیا جائے گا۔

اگر گیندکا آدھے سے کم حصہ بھی اسٹمپ کو لگا تو وہ امپائرز کال کہلائی جائے گی اور حتمی فیصلہ ناٹ آؤٹ ہی رہے گا جو کہ حارث کی گیند پر ہوا۔   

پاکستان کی شکست کے بعد ہربھجن سنگھ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے آئی سی سی کے قوانین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا بُری امپائرنگ اور قوانین پاکستان کی شکست کی وجہ بنے، آئی سی سی کو یہ قانون تبدیل کرنا چاہیے اگر گیند اسٹمپ پر لگ رہی ہے بھلے آن فیلڈ امپائر نے آؤٹ دیا ہو یا ناٹ آؤٹ اس سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے اور وہ آؤٹ قرار دیا جانا چاہیے۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ورنا اس ٹیکنالوجی کا کیا استعمال ہے؟

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی کرکٹ شائقین کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں امپائرنگ پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عرفان پٹھان نے کہا کہ جنوبی افریقا سے میچ میں 2 فیصلے پاکستان کے خلاف گئے  ایک وائیڈ بال اور ایک ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ، جنوبی افریقا کی قسمت اچھی رہی، ورلڈ کپ کا بہترین میچ ہوا۔

مزید خبریں :