Time 27 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کی غزہ پر شدید بمباری، مواصلاتی نظام تباہ، بڑے پیمانے پر شہادتوں کا خدشہ

اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں اب تک 7 ہزار 326 فلسطینی شہید ہوچکے، شہدا میں 3 ہزار 38 بچے، ایک ہزار 726 خواتین اور 414 بزرگ شامل ہیں— فوٹو: ٹائمز آف غزہ
اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں اب تک 7 ہزار 326 فلسطینی شہید ہوچکے، شہدا میں 3 ہزار 38 بچے، ایک ہزار 726 خواتین اور 414 بزرگ شامل ہیں— فوٹو: ٹائمز آف غزہ

اسرائیل نے غزہ پر بیک وقت فضا اور زمین سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی شہادت کا خدشہ ہے۔

القدس نیوز کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے کچھ دیر قبل غزہ پر وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے باعث غزہ میں کمیونیکیشن کا نظام مکمل تباہ ہوگیا۔

فلسطینی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی جوال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں آخری انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے جس کے باعث مواصلات کا نظام مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ کا دنیا سے انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطہ بھی ختم ہوگیا۔

الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کے مطابق تقریباً 100 اسرائیلی طیارے غزہ پر بمباری کررہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے بھی غزہ پر گولہ باری کی ہے، اسرائیلی طیاروں نے الشفا اسپتال کے قریب بھی بمباری کی۔

مواصلاتی رابطے منقطع ہونے کے باعث فوری طور پر بمباری میں ہونے والے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں اب تک 7 ہزار 326 فلسطینی شہید ہوچکے جبکہ شہدا  میں 3 ہزار 38 بچے، ایک ہزار 726 خواتین اور 414 بزرگ شامل ہیں۔

مزید خبریں :