28 اکتوبر ، 2023
لاہور میں اراضی کے تنازعے پر مخالفین نے ڈیرے میں گھس کر تین سگے بھائیوں سمیت 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا جبکہ 12 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔
لاہور کے علاقے چوہنگ کے گاؤں خان پور میں 5 افراد کے قتل کے واقعے پر نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا ہے۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ مقتولین شام کے وقت ڈیرے پر بیٹھے گپ شپ کر رہے تھے، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر آئے حملہ آوروں نے اتنی شدید فائرنگ کی کہ تین بھائی شہزاد اعوان، مرتضیٰ، مصطفیٰ، کزن ملک خادم اور ملازم فہد خان موقع پر ہی دم توڑ گئے، فائرنگ کی زد میں آ کر 5 سالہ بچہ بھی زخمی ہو گیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود چوہدری نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اُن کا کہنا تھا کہ زرعی اراضی کے تنازعے پر جھگڑا شروع ہوا جو بعد ازاں خاندانی دشمنی میں بدل گیا، ملزمان اور مقتولین آپس میں رشتہ دار ہیں، سی سی ٹی وی سے ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے 4 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے پانچوں مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیں ہیں۔