28 اکتوبر ، 2023
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں لاکھوں انسانوں کی تباہی پر بے بسی کے عالم میں اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں 20 لاکھ انسانوں کو تباہی کا سامنا ہے، شہریوں کیلئے ناقابل تصور تباہی ہے، یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، سب اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
سیکرٹری جنرل نے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زندگی بچانے والے سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔
ادھر پاگل پن کے شکار اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں اور مواصلاتی نظام تباہی کے بعد غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
یونیسیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں کام کرنے والے عملے سے رابطہ منقطع ہوگیاہے ساتھیوں کی حفاظت سے متعلق سخت تشویش ہے۔
دوسری جانب مصر کی معروف درسگاہ جامعۃ الازہر کے پروفیسر ڈاکٹر شیخ احمد طیب نے بھی اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی جو معصوم فلسطینیوں کے دفاع میں ناکام رہے۔
خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 7 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے جبکہ بچوں اور خواتین سمیت اب تک 21 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔