Time 29 اکتوبر ، 2023
دنیا

اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو ہوا میں اڑادیا، غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملے جاری

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کی قرارداد کو ہوا میں اڑاتے ہوئے غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملے جاری ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم سب کچھ کریں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک بار پھر غزہ کے شہریوں کو اپنے گھر خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں جاری زمینی کارروائیاں جنگ کا دوسرا مرحلہ ہے، غزہ کے شہری اپنے گھر خالی کرکے چلے جائیں۔

اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کو رہا کرانے کیلئے ہم سب کچھ کریں گے، غزہ پٹی پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، طیاروں، بحری جنگی جہازوں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولا باری کی جارہی ہے۔ غزہ پٹی کے اندر جنگ مشکل اور طویل ہوگی۔

ادھر غزہ میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس اور لینڈ لائنز بند ہونے سے غزہ میں شدید اسرائیلی بمباری کے نقصانات کی تفصیل سامنے نہ آسکی، ایک رات میں ہزاروں فلسطینیوں کے شہید ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب شدید اسرائیلی بمباری کی وجہ سے زخمیوں کو تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے نکالا نہ جا سکا، اسرائیل کی جانب سے غزہ کا مواصلاتی نظام تباہ کیے جانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے سربراہ ایلون مسک نے غزہ پٹی میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کو بذریعہ سیٹلائٹ، انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

22 روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہزار 7 سو سے زیادہ ہوگئی، شہدا میں 3 ہزار 6 سو بچے بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :