Time 30 اکتوبر ، 2023
کھیل

الزامات پر ذکا اشرف کیجانب سےطلبی، انضمام نے ملاقات کے بجائے استعفیٰ دے دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر  انضمام الحق نے خود پر لگنے والے الزامات پر چیئرمین  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سے ملاقات اور وضاحت دینے کے بجائے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق  ذکا اشرف نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ملاقات کے لیے آج قذافی اسٹیڈیم بلایا تھا، ملاقات میں ذکا اشرف انضمام الحق سے میڈیا رپورٹس پر  وضاحت چاہتے تھے، چیف سلیکٹر اور کھلاڑیوں کی میڈیا  کمپنی کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر  بورڈ کو  تحفظات تھے۔

انضمام الحق نے چیئرمین سے ملاقات  اور  وضاحت دینےکے بجائے  چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفی دے دیا۔

ذکا اشرف کا کہنا ہےکہ انضمام الحق مجھ سے نہیں ملے،  میں نے انضمام الحق کو وضاحت کے لیے بلایا تھا۔

خیال رہےکہ  پی سی بی نے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے،کمیٹی قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کرےگی۔

اس سے قبل  چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا،  پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں، بغیر تحقیق کے باتیں کر رہے ہیں جس نے بھی کہا ثبوت دیں، جو بھی مجھ پر الزام لگے ثبوت بھی دینا چاہیے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزامات سے دکھ ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ تمام چیزیں کلیئر ہونے کے بعد پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا، مجھے لگا کہ میرے خلاف انکوائری ہو رہی ہے تو مجھے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے، ہمیں انکوائری کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :