01 نومبر ، 2023
ملک بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی مہلت ختم ہوتے ہی ملک گیر آپریشن شروع کردیا گیا، کراچی میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی پہلی گرفتاریاں بھی کر لی گئی۔
کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران گرفتار 4 افغان شہریوں کو ہولڈنگ کیمپ منتقل کردیا گیا، مہلت ختم ہونے سے پہلے غیرقانونی مقیم افراد کیلئے مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے تھے۔
کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیلئے پرانے حاجی کیمپ کے قریب کیمپ قائم کردیے ہیں، غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کرکے پہلے ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا اور یہاں سے انہیں واپس ان کے ملک بھیجا جائے گا۔
غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف حیدرآباد ریجن کے 9 اضلاع میں بھی پولیس نے کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ سرگودھا ڈویژن کے اضلاع میانوالی، بھکر، خوشاب اور سرگودھا میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے بھی کاروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا (کے پی) میں 50 ہزارسے زیادہ غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کا ڈیٹامرتب کر لیا گیا ہے، پکڑے جانے والے غیرملکیوں کو واپس بھجوانے کیلئے دن بھی مخصوص کرلیے گئے ہیں۔
کے پی میں حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلا کی اطلاع اور رہنمائی کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے، آج سے صوبہ بھر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔
ادھر غیرقانونی مقیم باشندوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف آپریشن سوئفٹ ہوگا جس میں کسی قسم کی ماردھاڑ نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی، مہلت ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں غیرقانونی طور پر آباد غیرملکیوں کی وطن واپسی کیلئے 49 ہولڈنگ ایریاز بنائے گئے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کو پہلے ان کیمپوں اور پھر اُن کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب سےغیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کا انخلا 3 نومبر سے مرحلہ وار ہوگا۔