01 نومبر ، 2023
مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکا کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردیے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اب تک ہزاروں ٹن بارود غزہ پر گرا چکا ہے۔
اسرائیلی طیاروں نے آبادی کے علاوہ اسپتال اور پناہ گزین کیمپوں کو بھی نہیں چھوڑا اور تباہ کردیا ہے۔
اسرائیلی حملوں میں اب تک 3500 سے زائد بچوں سمیت ساڑھے 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری کے خلاف دنیا سراپا احتجاج ہے اور لندن، استنبول اور ڈھاکا سمیت کئی شہروں میں بڑے بڑے عوامی احتجاج کیے گئے ہیں۔
اب غزہ پر اسرائیلی مظالم پر بطور احتجاج جنوبی امریکا کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردیے۔
گزشتہ روز چلی اور کولمبیا نے اپنے سفیروں کو اسرائیل سے واپس بلا لیا تھا۔ اب بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بولیویا کے ڈپٹی وزیر برائے خارجہ امور کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ اسرائیلی حملوں کی مذمت اور اسرائیلی افواج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ انہوں نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کولمبیا نے اپنے ملک میں موجود اسرائیلی سفیر کو ملک چھوڑنے کا کہا تھا۔
اسرائیلی سفیر نے کولمبیا کے صدر کے غزہ سے متعلق بیان پرتنقیدکی تھی۔
کولمبیاکے صدر نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ اسرائیل غزہ کے لوگوں سے متعلق وہی زبان استعمال کر رہا ہے جو نازیوں نے یہودیوں کےخلاف کی تھی۔