01 نومبر ، 2023
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو با آسانی 190 سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے راستہ آسان کرلیا۔
جنوبی افریقا کی نیوزی لینڈ کے خلاف جیت سے اگر مگر کی شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے راستے میں تھوڑی مدد تو ہوئی ہے لیکن اب بھی بابر الیون کیلئے سفر تھوڑا مشکل ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت بھی12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے،آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے تیسرے اور نیوزی لینڈ بھی 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان 7 میچز میں 3 میں کامیابی کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اس وقت جنوبی افریقا، بھارت اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بہتر پوزیشن میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ چوتھی ٹیم کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ میں سخت مقابلہ ہوسکتا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ نے ابھی ورلڈکپ میں اپنے بقیہ 2 میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان اپنے اگلے میچ میں ہفتے کو نیوزی لینڈ سے مدمقابل ہوگا اور آخری میچ انگلینڈ سے کھیلے گا جبکہ نیوزی لینڈ کو اپنا آخری میچ سری لنکا سے کھیلنا ہے۔
سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو اپنے بقیہ 2 میچز جیتنا ضروری ہے جبکہ اگر نیوزی لینڈ اپنے دونوں بقیہ میچز ہار جائے تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کرے گا۔
جبکہ پاکستان اپنے اگلے 2 حریفوں کو شکست دینے پر 10 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا ہے تو ورلڈکپ کے بقیہ میچز کے نتائج اگر کچھ یوں ہوئے تو گرین شرٹس ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائے گا۔
میچ 33: بھارت بمقابلہ سری لنکا ( بھارت کی جیت)
میچ 34: افغانستان بمقابلہ نیدرلینڈز (افغانستان کی جیت)
میچ 35: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ( پاکستان کی جیت)
میچ 36: انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا ( آسٹریلیا کی جیت)
میچ 37: بھارت بمقابلہ جنوبی افریقا (بھارت کی جیت)
میچ 38: سری لنکا بمقابلہ بنگلا دیش ( سری لنکا کی جیت)
میچ 39: آسٹریلیا بمقابلہ افغانستان ( آسٹریلیا کی جیت)
میچ 40: انگلینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز ( انگلینڈ کی جیت)
میچ 41: نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا ( سری لنکا کی جیت)
میچ 42: جنوبی افریقا بمقابلہ افغانستان (جنوبی افریقا کی جیت)
میچ 43: بنگلا دیش بمقابلہ آسٹریلیا (آسٹریلیا کی جیت)
میچ 44: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ( پاکستان کی جیت)
میچ 45: بھارت بمقابلہ نیدرلینڈز (بھارت کی جیت)
اگر ورلڈکپ کے بقیہ میچز کے نتائج مذکورہ منظر نامے کے مطابق آئے، تو بھارت پوائنٹس ٹیبل پر 18 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آجائے گا جبکہ جنوبی افریقا 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہوگا۔
اسی طرح آسٹریلیا بھی14 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے گا جبکہ پاکستان 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ کر ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔