پاکستان

صدر اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات 8 فروری کو کرانے پر اتفاق ہوگیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کرانے پر اتفاق ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب  سے جاری بیان کے مطابق  صدر مملکت اور  چیف الیکشن کمشنر کے درمیان  عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات جمعرات 8 فروری کو کرانےکا فیصلہ ہوا ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے بھی اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی حتمی تاریخ  سےکل سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔

خیال رہےکہ آج ملک میں 90  روز  میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوئے  اور  بتایا کہ الیکشن کمیشن 11 فروری 2024 کو  ملک میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ صدر مملکت سے آج ہی مشاورت کر کے کل عدالت میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کی صدر سے ملاقات

سپریم کورٹ کے حکم پر صدر عارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان نے ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان بھی موجود تھے۔

ذرائع  کے مطابق صدر سے چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں عام انتخابات کے لیے صدر مملکت کے سامنے 3 تاریخیں رکھی گئیں ۔

ذرائع کا کہنا  تھا  کہ الیکشن کمیشن نے 28 جنوری ، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے 11 فروری کو انتخابات کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات کے بعد ایوان صدر سے روانہ ہوکر الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے صدر مملکت کو خط لکھتے ہوئے  ملک میں 11 فروری کو الیکشن کرانے کی تجویز دی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے 11 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کرتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا  تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ملاقات میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا جس کے بعد  اٹارنی جنرل صدر مملکت کا پیغام لے کر  چیف الیکشن کمشنر کے پاس گئے اور  صدر مملکت کا مؤقف چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھا۔

بعد ازاں 8 فروری کو انتخابات کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا۔

مشاورت کی اندرونی کہانی

انتخابات کی تاریخ  کے لیے صدر اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان مشاورت کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اتفاق رائے نہ ہونے پر درمیانی تاریخ کی تجویزدی گئی جس پر اتفاق کیاگیا، صدر نے سپریم کورٹ کے فیصلےکی روشنی میں 4 فروری 2024 کی تجویز دی تھی، صدر مملکت 4 فروری اور الیکشن کمیشن 11 فروری کو انتخابات کرانے پر بضد تھا، اتفاق رائے نہ ہونے پر الیکشن کمیشن حکام ایوان صدر سے واپس آ گئے۔

 اس کے بعد  اٹارنی جنرل بیچ کی راہ کی نکالنے کے لیے ایوان صدر سے الیکشن کمیشن پہنچے، اٹارنی جنرل الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کے بعد واپس ایوان صدر گئے، صدر مملکت سےدوبارہ مشاورت کے بعدعام انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوا۔

مزید خبریں :