Time 07 نومبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ کی پٹی پر قبضے کا منصوبہ، یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا

اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ کی پٹی پر قبضے کے ارادے ظاہر کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا۔

غیر ملکی ٹی وی اے بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ پٹی کی غیر معینہ مدت کے لیے سلامتی کی مجموعی ذمہ داری سنبھالے گا، اس وقت حماس کی وجہ سے اسرائیل کے پاس سکیورٹی کی ذمے داری نہیں ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں اس وقت تک جنگ بندی نہیں ہو گی جب تک حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کے جنوبی اور شمالی علاقوں کو درمیان سے تقسیم کرنے کے بعد اسرائیلی فوج کے مزید علاقوں پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا۔

اسرائیل کا غزہ کے تین اسپتالوں پر حملہ

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے تین اسپتالوں پر بمباری کی جس میں غزہ سٹی کے نصر میڈیکل کمپلیکس، القدس اسپتال اور بیت ہانوں میں کمال عدوان اسپتال پر حملے کیے گئے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی ہے، مرنے والوں میں 4 ہزار سے زیادہ بچے اور 2600 خواتین شامل ہیں۔

اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی

مغربی کنارے میں بھی اسرائیل نے فضائی حملے اور کارروائیاں تیز کردی ہیں جہاں طولکرم میں ایک گھر پر ڈرون حملہ کیا گیا جب کہ کار سوار فلسطینیوں پر انتہائی نزدیک سے فائرنگ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مغربی کنارے میں 10 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا جب کہ غزہ میں لائیو کوریج کے دوران اسرائیلی میزائل قطری ٹی وی کے بیورو چیف اور رپورٹرز کے نزدیک گرا جس میں صحافی محفوظ رہے۔

انتونیو گوتریس کا بیان

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حالیہ ہفتوں میں اقوام متحدہ کے اتنے امدادی کارکن جان سے جاچکے ہیں جو ہمارے ادارے کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے جان سے جانے والے 89 امدادی کارکنان کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر کا سیز فائر کا مطالبہ

اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ غزہ پر30 دن کی بمباری میں 10 ہزار ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں 4 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ فوری طور پر سیز فائر کا مطالبہ نہیں کررہے تو آپ واضح طور پر معصوم لوگوں کو بچانے کے قابل نہیں ہیں، اسکاٹ لینڈ تاریخ اور انسانیت کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی بربریت کے باعث 6 نومبر کو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی 18 عالمی تنظیموں کے سربراہان نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں انسانی بنیادوں پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید خبریں :