08 نومبر ، 2023
امریکی ایوان نمائندگان میں اسرائیلی بربریت کا پردہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے والی واحد فلسطینی رہنما راشدہ طلیب کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کر لی گئی۔
راشدہ طلیب نے اسرائیل کیلئے امریکی حمایت اور غزہ پر اسرائیلی بمباری پر تنقید کی تھی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق راشدہ طلیب کے بیانات کے خلاف مذمتی قرارداد کے حق میں 234 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 188 اراکین کی جانب سے قرار داد کی مخالفت کی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق 4 ری پبلکنز نے قرار داد کیخلاف ووٹ دیا جبکہ 3 ڈیموکریٹس اور ایک ری پبلکن رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
راشدہ طلیب کا ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا میں کانگریس میں موجود واحد فلسطینی امریکی ہوں، میرے نقطہ نظر کی یہاں پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، مجھے خاموش نہیں کروایا جا سکتا، میں کسی کو بھی اپنے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش نہیں کرنے دوں گی۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہد ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر عالمی تنظیموں کے دباؤ کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بمباری جاری رکھنے پر بضد ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ پر غیر معینہ مدت تک ہمارا قبضہ رہے گا۔