08 نومبر ، 2023
غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے دردناک مناظر آئے روز دل دہلاتے رہتے ہیں اور ایسے میں رفاح سے سامنے آنے والی بے گھر بچوں کی ویڈیو نے دلوں کو چیر کر رکھ دیا ہے۔
غزہ میں ایک ماہ قبل شروع ہوئے اسرائیلی حملوں سے جہاں ہزاروں فلسطینی شہید ہوئے وہیں دوسری طرف کھانا، پانی اور ایندھن کی بندش نے حالات بد سے بدتر بنادیے۔
ایسے میں امداد کی عدم فراہمی اور بجلی پانی سے محروم غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفاح کے رہائشی بھی بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، ایسے میں دنیا تماشائی کا کردار نبھارہی ہے۔
عرب میڈیا کے انسٹاگرام پیج پر رفاح کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ایک پلیٹ دال کیلئے بچوں کو لمبی قطار لگائے، دھکوں کی صورت ایک دوسرے پر چمٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر ایک ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور تقریباً 26 ہزار زخمی ہیں جب کہ شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی شامل ہے۔