Time 09 نومبر ، 2023
کھیل

'بھارت کو الگ گیندیں دی جارہی ہیں'، سابق پاکستانی کرکٹر کے الزام پر شامی کا سخت ردعمل

شرم کرو، کھیل پر فوکس کرو نہ کہ فالتو بکواس پر، کبھی تو دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کیا کرو: محمد شامی__فوٹو: فائل
شرم کرو، کھیل پر فوکس کرو نہ کہ فالتو بکواس پر، کبھی تو دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کیا کرو: محمد شامی__فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر محمد شامی نے سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا کے آئی سی سی اور بی سی سی آئی پر جانبداری کے الزامات پر سخت ردعمل دیا ہے۔

کچھ روز قبل نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حسن رضا نے کہا تھا کہ 'ہم دیکھ رہے ہیں کہ جب بھارتی ٹیم بلے بازی کرتی ہے تو وہ واقعی اچھی بلے بازی کرتے ہیں اور جب بھارتی ٹیم بولنگ کرتی ہے تب گیند مختلف ہوجاتی ہے، اس کے علاوہ DRS بھی ان کے حق میں گیا'۔

حسن رضا کا کہنا تھا کہ 'سراج اور شامی جس طرح گیند کو سوئنگ کر رہے تھے اس سے ایسا لگ رہا تھا کہ آئی سی سی یا بی سی سی آئی انہیں دوسری اننگز میں مختلف اور مشکوک گیندیں دے رہے ہیں، گیند کا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے، سوئنگ کے لیے گیند پر کوٹنگ کی ایک اضافی تہہ بھی ہو سکتی ہے'۔

حسن رضا کے بیان پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا ردعمل:

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں وسیم اکرم نے اس حوالے سے تبصرہ کیا اور اس بیان کو غلط قرار دیا۔

وسیم اکرم نے کہا 'یہ تمام باتیں مضحکہ خیز ہیں، ایسی باتیں کرکے اپنی بیستیاں تو  دنیا میں کراتے ہیں ہماری نہ کرائیں، یہ بہت عام چیز ہے، جو ٹیم ٹاس جیتتی ہے اور بولنگ کرتی ہے تو پھر امپائر آتا ہے اور 12 گیندوں والا ڈبا ہوتا ہے جس میں سے بولنگ کرنے والی ٹیم 2 گیندوں کا انتخاب کرتی ہے، امپائر کے ساتھ اور بھی لوگ ہوتے ہیں جیسے کہ ریفریز وغیرہ'۔

شرم کرو! کھیل پر فوکس رکھو: شامی کا سخت ردعمل

بھارتی بولر محمد شامی نے حسن رضا کے وائرل کلپ کی ویڈیو انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کی اور لکھا 'شرم کرو، کھیل پر فوکس کرو نہ کہ فالتو بکواس پر، کبھی تو دوسروں کی کامیابی کو انجوائے کیا کرو، یہ آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے، آپ کا لوکل ٹورنامنٹ نہیں، آپ کھلاڑی ہی تھے نا؟'

شامی نے مزید کہا 'وسیم بھائی نے سمجھایا ہے، پھر بھی، اپنے کھلاڑی وسیم اکرم پر یقین نہیں ہے آپ کو؟ آپ تو اپنی ہی تعریف کرنے میں لگے ہوئے ہیں'۔

فوٹو: اسکرین شاٹ/شامی
فوٹو: اسکرین شاٹ/شامی


مزید خبریں :