جب طیارہ 2 کھڑکیوں کے بغیر 15 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچ گیا

طیارے کی 2 کھڑکیاں غائب تھیں جبکہ ایک اپنی جگہ سے نکلی ہوئی تھی / فوٹو بشکریہ اے اے آئی بی
طیارے کی 2 کھڑکیاں غائب تھیں جبکہ ایک اپنی جگہ سے نکلی ہوئی تھی / فوٹو بشکریہ اے اے آئی بی

تصور کریں کہ آپ طیارے پر سفر کر رہے ہوں اور لگ بھگ 15 ہزار فٹ کی بلندی پر جاکر پتا چلے کہ اس کی تو 2 کھڑکیاں ہی غائب ہیں تو کیا ہوگا؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر فلمی محسوس ہونے والا یہ واقعہ حقیقت میں پیش آیا۔

جی ہاں ائیر بس اے 321 طیارہ لندن سے امریکا کے لیے روانہ ہوا اور ساڑھے 14 ہزار فٹ بلندی پر جاکر عملے کو معلوم ہوا کہ اس کی تو 2 کھڑکیاں ہی غائب ہیں۔

ایک چارٹرڈ کمپنی کا یہ طیارہ عملے کے 11 افراد اور 9 مسافروں کو لے کر 4 اکتوبر کو لندن کے Stansted ائیرپورٹ سے امریکی شہر اورلینڈو کے لیے روانہ ہوا تھا۔

پرواز سے ایک دن قبل اس طیارے کو ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

جب طیارہ ساڑھے 14 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچا تو عملے کے ایک فرد نے دیکھا کہ ایک کھڑکی اپنی جگہ سے اکھڑی ہوئی ہے اور ہوا کی گونج کیبن میں پھیل رہی ہے۔

اس کے بعد عملے نے طیارے کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ 2 کھڑکیاں اپنی جگہ موجود نہیں۔

اس انکشاف کے بعد پائلٹ طیارے کو نیچے لے گئے اور اس کا رخ واپس لندن کی جانب موڑ دیا۔

ائیر ایکسیڈنٹس انویسٹی گیشن برانچ (اے اے آئی بی) کے مطابق خوش قسمتی سے طیارے اور اس میں موجود افراد کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا، کیونکہ کیبن کا پریشر متاثر نہیں ہوا تھا۔

اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے دریافت کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کھڑکیوں کو نقصان پہنچا تھا۔

ٹیم کے مطابق طیارے کو اس وجہ سے سنگین نقصان بھی پہنچ سکتا تھا مگر خوش قسمتی سے ایسا کچھ نہیں ہوا۔

اس واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ اب جاری کی گئی ہے۔

مزید خبریں :