Time 10 نومبر ، 2023
دنیا

جنگ کے بعد غزہ پر اسرائیلی فوج کا کنٹرول رہے گا: نیتن یاہو کا اعلان

اسرائیلی افواج کا غزہ میں زمینی آپریشن جاری ہے جس میں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے— فوٹو: فائل
اسرائیلی افواج کا غزہ میں زمینی آپریشن جاری ہے جس میں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے— فوٹو: فائل

اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے  اعلان کیا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ پر اسرائیلی فوج کا مستقل کنٹرول رہے گا۔

اسرائیلی افواج کا غزہ میں زمینی آپریشن جاری ہے جس میں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ 

القسام بریگیڈز اور اسلامی جہاد کی جانب سے بھاری تعداد میں اسرائیلی فوجیوں کے جانی و مالی نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہے اور دونوں مزاحمتی تنظیمیں وقتاً فوقتاً اسرائیلی افواج پر حملوں کی ویڈیوز جاری کرتی رہتی ہیں۔

لیکن اب اسرائیل نے جنگ کے بعد غزہ پر مستقل کنٹرول رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھاکہ جنگ کے خاتمے کے بعد اسرائیل پورے غزہ پٹی پر اپنی اجارہ داری قائم کرے گا اور اس کی افواج کا مستقل کنٹرول رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی غیر ملکی فوج پر کوئی بھروسہ نہیں۔

اسرائیلی دعوے سے قبل خبر سامنے آئی ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا۔ 

معاہدے کے تحت اسرائیل اپنی جیلوں میں قید فلسطینی بچوں اور خواتین کو رہا کرنے پر تیار ہوگیا ہے جبکہ حماس اس کے بدلے اپنی قید میں موجود 100 اسرائیلی خواتین اور بچے چھوڑے کرے گا۔

خیال رہے کہ حماس کی قید میں 241 سے زائد اسرائیلی موجود ہیں جن میں سے اب تک 4 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 4506 بچے بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :