12 نومبر ، 2023
ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (ٹوئٹر) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک کی زندگی پر فلم بنائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی وڈ اسٹوڈیو اے 24 کی جانب سے ایلون مسک کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے حقوق حاصل کیے گئے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس فلم کے ڈائریکٹر Darron Aronofsky ہوں گے، جو اس سے پہلے دی وہیل اور بلیک سوان جیسی فلموں کی ہدایات بھی دے چکے ہیں۔
یہ فلم والٹر اساکسون کی جانب تحریر کی گئی ایلون مسک کی سوانح حیات پر مبنی ہوگی۔
یہ کتاب 12 ستمبر 2023 کو شائع کی گئی تھی۔
کتاب کے مطابق 52 سالہ ایلون مسک کی پیدائش جنوبی افریقا میں ہوئی تھی اور انہیں اپنے والد کے سلوک کی وجہ سے ذہنی مسائل کا سامنا ہوا۔
اس مصنف کی اسٹیو جابز پر تحریر کی گئی سوانح حیات پر بھی 2015 میں ایک فلم بنائی گئی تھی۔
ایلون مسک کی زندگی پر بننے والی فلم ابھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے تو یہ واضح نہیں کہ اس کا اسکرین پلے کون تحریر کرے گا۔
اسی طرح ابھی فلم کی کاسٹ کے بارے میں بھی ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔