Geo News
Geo News

Time 13 نومبر ، 2023
دنیا

کینیڈا میں ایک ہفتے کے دوران یہودیوں کے اسکول پر فائرنگ کا تیسرا واقعہ

اسرائیل اور فلسطین میں جاری حالیہ جنگ کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں یہودی اسکول پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے: مونٹریال پولیس
اسرائیل اور فلسطین میں جاری حالیہ جنگ کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں یہودی اسکول پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے: مونٹریال پولیس

کینیڈا کے شہر مونٹریال میں یہودیوں کے اسکول پر فائرنگ کا ایک اور  واقعہ پیش آگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین میں جاری حالیہ جنگ کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں یہودی اسکول پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق مونٹریال کے اسکول پر فائرنگ کے واقعے میں طلبہ اور اسٹاف کے اراکین محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مونٹریال کے یشویا گیڈولا اسکول پر فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کو اسکول کے باہر سے گولیوں کے خول ملے ہیں جبکہ اس سے قبل مونٹریال میں ہی دور اور یہودی اسکولوں پر بھی فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں، دونوں ہی اسکولوں کے دروازوں پر فائر کیے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق  ابھی تک یہ واضح نہیں کہ تینوں اسکولوں پر فائرنگ کے واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں، واقعات سے متعلق مزید تحقیقات جاری  ہیں۔

خیال رہے کہ بدھ کے روز مونٹریال کی کانکورڈیا یونیورسٹی میں فلسطین اور اسرائیل کے حامی طلبہ گروپوں میں جھگڑے کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد پولیس نے ایک طالب علم کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔

پولیس کے مطابق 2022 کے مقابلے میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مسلمانوں اور یہودیوں کے خلاف نفرت پر مبنی حملوں میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔