14 نومبر ، 2023
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت سے 4 ہزار 630 سے زائد بچےاور 3 ہزار 130 سے زیادہ خواتین شہید ہوچکی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے مجموعی طور پر شہید فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی ہے، 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے 29 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے اب تک طبی عملے کے 189 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری سے 41 ہزار 120 رہائشی املاک تباہ ہوئیں، بمباری سے 94 سرکاری عمارتیں تباہ اور 71 مساجد بھی شہید ہوئیں جبکہ بمباری سے 253 اسکولوں کی عمارتیں بھی تباہ ہوئیں۔
فلسطینی ادارہ شماریات کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسکول کے 3 ہزار 117 طلبا شہید ہوئے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں بھی24 طلبا شہید کیے گئے۔
جنوبی لبنان سے اسرائیلی علاقوں پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی علاقوں پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا گیا، داغے گئے متعدد میزائل کفرشو باڈسٹرکٹ کے علاقے رویسات العلم میں گرے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے سرحدی ٹاؤنز مرکبا اور حولا پر جوابی بمباری کی۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں جاری
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں، اسرائیلی فورسز نے طولکرم کیمپ میں ایمبولنس کو گھیرے میں لے لیا۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایمبولنس میں موجود زخمی کو گرفتار کرلیا جبکہ طولکرم کیمپ کے اطراف انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایمبولینسوں کو سخت دشواری کا سامنا ہے۔
الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین
غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کر دی گئی۔
غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابوسلمیہ کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال میں موجود 179 لاشوں کو اسپتال کے کمپاؤنڈ میں اجتماعی قبر میں دفنایاگیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈائریکٹر اسپتال ابوسلمیہ نے کہا کہ شہید فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا۔