15 نومبر ، 2023
سینیٹر سعدیہ عباسی نے سینیٹ میں ملٹری کورٹس کے حق میں منظور کی گئی قرار داد پر سوالات اٹھا دیے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعدیہ عباسی کا کہنا تھاکہ ایوان میں قرارداد کی منظوری کے وقت صرف 12 ارکان حاضر تھے جبکہ 92 ارکان موجود ہی نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ جو چیز ایجنڈا میں شامل ہی نہیں تھی وہ قرارداد کی صورت میں لائی گئی۔
سعدیہ عباسی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے حق میں قرارداد جمہوریت کی نفی ہے اور یہ جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایوان میں قواعد و ضوابط سے ہٹ کر جو کام کیا گیا اس کی تائید نہیں کرتے، کسی صورت ملٹری کورٹس کی اجازت یا حمایت نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوان کو ایسے استعمال کرنا انتہائی افسوس ناک ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔