Time 15 نومبر ، 2023
دنیا

غزہ جنگ: ٹروڈو اور نیتن یاہو سوشل میڈیا پر آمنے سامنے

الشفا اسپتال کے واقعات دل کو جھنجھوڑنے والے ہیں، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں،  اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو لگام دے: کینیڈین وزیراعظم۔ فوٹو فائل
 الشفا اسپتال کے واقعات دل کو جھنجھوڑنے والے ہیں، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں، اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو لگام دے: کینیڈین وزیراعظم۔ فوٹو فائل 

غزہ میں جاری جنگ کے معاملے پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کے اسرائیلی ہم منصب بن یامین نیتن یاہو کے درمیان سوشل میڈیا پر مکالمہ ہوا۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو نے سوشل میڈیا پر لکھا اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو لگام دے، غزہ میں عورتوں، بچوں اور شیرخواروں کی ہلاکتیں دیکھ رہے ہیں، یہ سب رکنا چاہیے۔

جسٹس ٹروڈو نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ، خصوصاً الشفا اسپتال کے واقعات دل کو جھنجھوڑنے والے ہیں، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں، اسرائیلی ہو یا فلسطینی، ہر معصوم زندگی برابر ہوتی ہے، اسرائیلی حکومت سے حتی الامکان تحمل کا مطالبہ کرتا ہوں۔

اسرائیلی وزیراعظم کا جسٹن ٹروڈو کو جواب

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے جسٹس ٹروڈو کو سوشل میڈیا پر ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ حماس نے جو کچھ کیا وہ یہودیوں کے ساتھ ہولوکاسٹ کے بعد سب سے بڑا ظلم ہے، اسرائیل عام شہریوں کو خطرے کی راہ سے ہٹانے اور حماس خطرے کی راہ پر ڈالنے میں لگی ہے، اسرائیل نے غزہ کیلئے انسانی امداد کا کوریڈور کھولا۔

غزہ میں جو دیکھا اور سنا وہ تباہ کن ہے: سربراہ یونیسیف

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی سربراہ کیتھرین رسل نے غزہ کا دورہ کیا اور غزہ میں تباہ کن مناظر کی مذمت کی۔

کیتھرین رسل نے فریقین پر غزہ میں جاری وحشت کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا میں نے جو دیکھا اور سنا وہ تباہ کن تھا، غزہ کے شہریوں نے متعدد بمباری، نقصان اور نقل مکانی کو برداشت کیا ہے، غزہ کے اندر 10 لاکھ بچوں کے واپس جانے کیلئے کوئی جگہ محفوظ نہیں ہے۔

الشفا اسپتال کے عملے اور مریضوں کے تحفظ کیلئے فکر مند ہیں: سربراہ عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینوم نے اپنے بیان میں کہا کہ الشفا اسپتال میں فوجی مداخلت کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے، الشفا اسپتال میں طبی عملے کے ساتھ رابطہ دوبارہ ختم ہو گیا ہے، طبی عملے اور ان کے مریضوں کے تحفظ کیلئے بہت فکر مند ہیں۔

اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال سے 30 افراد کو گرفتار کر لیا: عرب میڈیا

ادھر عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال سے 30 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، اسپتال سے نکالے گئے افراد کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں اور گرفتار کیے گئے افراد کے گرد تین ٹینک کھڑے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک ٹینک الشفا اسپتال کی ایمرجنسی کے دروازے پر کھڑا کیا گیا ہے، اسرائیلی فوج الشفا اسپتال کی سرجری بلڈنگز میں داخل ہو گئے ہیں، اسرائیلی فوجیوں نے الشفا کے سرجری ڈپارٹمنٹ کی تمام پارٹیشنز اکھاڑ دی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی ریڈیو کہہ چکا ہے کہ الشفا میں یرغمالیوں کا کوئی نشان نہیں ملا جبکہ فلسطینیوں کو خدشہ ہے کہ اسرائیلی فوج اسپتال پر قبضہ کرکے حماس سے منسوب کوئی غلط کام کریں گے۔

مزید خبریں :