15 نومبر ، 2023
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ پر قابو پانے کیلئے نجی اور سرکاری اسکول و کالجز ہفتے کے روز بند کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کی روک تھام کیلئے درخواستوں پر سماعت کی۔ پی ایچ اے کے وکیل حارث عظمت نے بتایا کہ محکمے کے تمام ملازمین کی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک موٹر بائیکس میں بدل دیا گیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ دیگر اداروں کو بھی ایسے اقدامات کرنے چاہییں۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ جوڈیشل واٹر کمیشن کے ممبران کی نگران وزیر اعلیٰ سے میٹنگ جمعے کو ہوگی جس میں اسموگ سمیت دیگر احکامات سے آگاہ کیا جائےگا۔
عدالت نے کہا کہ اسکول و کالجز کا ہفتے کے روز مکمل شٹ ڈاؤن کرنا ہوگا، سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں ہفتے میں دو روز ورک فرام ہوم کی پالیسی اختیار کرنا ہوگی، دو سال قبل ہم نے اس پالیسی پر عمل کیا تھا۔
عدالے نے ریمارکس دیے کہ اسموگ لاہور کا مسئلہ نہیں رہا، پورے پنجاب کا مسئلہ بن چکا ہے جن اضلاع میں فضا آلودہ تھی وہاں ڈپٹی کمشنرز کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟ اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ ان کے خلاف کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی۔