اداکار فیصل قریشی پہلی بار پنجابی فلم میں مرکزی کردار کریں گے

مینگو جٹ فیصل قریشی کی پہلی پنجابی فلم ہے__فوٹو: انسٹاگرام/فیصل قریشی
مینگو جٹ فیصل قریشی کی پہلی پنجابی فلم ہے__فوٹو: انسٹاگرام/فیصل قریشی

معروف اداکار فیصل قریشی پنجابی فلم مینگو جٹ میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، فلم اگلے سال عیدالفطر پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ڈائریکٹر ابو علیحہ نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک مکمل ایکشن کامیڈی فلم ہے، اس میں پنجاب اور کراچی کے بڑے اداکاروں کو کاسٹ کیا جارہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مینگو جٹ پہلی پنجابی کامیڈی فلم ہے جس کی ٹارگٹ آڈیئنس بچے اور ٹین ایجرز ہیں جب کہ یہ فلم ایک مکمل فیملی انٹرٹینمنٹ ہوگی۔

مینگو جٹ فیصل قریشی کی پہلی پنجابی فلم ہے البتہ ڈائریکٹر ابو علیحہ کا کہنا ہے کہ فلم کی کاسٹ میں مرکزی کردار کے لیے تین بڑی ہیروئنز سے بھی بات چیت چل رہی ہے، جلد ہی لیڈنگ ہیروئن اور باقی کی کاسٹ کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

ابو علیحہ بطور ہدایتکار اپنی فلم جاوید اقبال کے لیے یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ڈائریکٹر کا انٹرنیشنل ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ 

 انہوں نے اب تک گیارہ فلمیں بنائی ہیں جن میں کتاکشا، شینوگئی، تیور، ادھم پٹاخ، شاٹ کٹ، دادل جاوید اقبال اور سپر پنجابی ریلیز ہوچکی ہیں جب کہ ونس اپان اے ٹائم ان کراچی، لاک ڈاؤن اور ٹکسالی گیٹ جلد ریلیز ہونے والی ہیں۔

مینگو جٹ کی شوٹنگ کا آغاز اگلے سال جنوری سے ہوگا جب کہ لوکیشنز میں لاہور، ننکانہ صاحب، بہاولپور، اسلام آباد اور نتھیا گلی کے مختلف مقامات شامل ہیں۔

مزید خبریں :