Time 16 نومبر ، 2023
کاروبار

گردشی قرض میں اضافہ روکنےکیلئےگیس کی قیمتیں پھر بڑھانا ہونگی: نگران وزیر خزانہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نےکہا ہےکہ حکومت کو جنوری 2024 سے گیس کی قیمتیں پھر بڑھانا ہوں گی تاکہ گردشی قرض میں اضافہ نہ ہو۔

اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نےکہا کہ  آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے اور امید ہےآئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ بھی جلد منظوری دے دےگا۔

نگران وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالی استحکام کے لیے ترقیاتی کاموں کو  روکا نہیں جائےگا، حکومتی اخراجات میں کمی کی جائےگی، محصولات کو بڑھایا جائےگا، ترقیاتی کاموں کے لیے  پبلک انویسمنٹ پلان شروع کیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف کو توانائی شعبے کے ٹیرف پر نظرثانی سے آگاہ کر دیا گیا ہے، رئیل اسٹیٹ اور  ریٹیلرز سمیت مختلف شعبوں پر اضافی ٹیکس لگانےکا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، اگر ٹیکس محاصل میں کوئی شارٹ فال ہوا تو پھر اضافی اقدامات کا سوچیں گے۔

اس سے قبل فیوچر سمٹ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے ، مہنگائی بھی کم ہوگی، اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 4 ارب سے بڑھ کر 7 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں ، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا ، پر امید ہیں کہ پاکستان دوبارہ مستحکم ہوگا۔

مزید خبریں :