18 نومبر ، 2023
سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو لاپتہ افرادکی گمشدگی کا مقدمہ از خود درج کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں سچل سے لاپتہ شہری سے متعلق ایس ایچ او تھانہ سچل کا کہناتھا کہ ہدایت کے باوجود لاپتہ افراد کے اہلخانہ مقدمات درج کرانے نہیں آئے جو نمبرز دیے گئے تھے ان پر بھی رابطہ کیاگیا تھا۔
جسٹس نعمت اللہ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ پولیس کے پاس نہیں آتے تو نہ آئیں پولیس کی ذمہ داری ہے مقدمے کا اندراج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔
عدالت نے سچل سے لاپتہ شہری راشد اور نسیم کی گمشدگی کے مقدمات درج کرنے کا حکم دیتے ہوئےچار ہفتوں میں پولیس اور دیگر اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس طلب کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔