Time 19 نومبر ، 2023
دنیا

حماس کا فیسٹیول پر حملے کا ارادہ نہ تھا، اموات کی ذمہ دار صیہونی فورسز ہیں: اسرائیلی رپورٹ کا انکشاف

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا

7 اکتوبر کے حماس حملوں سے متعلق اسرائیلی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حماس کے جنگجوؤں کامیوزک فیسٹیول پر حملے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، اسرائیلی شہریوں کی اموات کی ذمہ داری صیہونی فورسز پر عائد ہوتی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس حملوں سے متعلق پولیس کی پہلی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کے روز سپر نووا میوزک فیسٹیول پر حملہ حماس کے منصوبے میں شامل نہیں تھا، جنگجوؤں کو فیسٹیول کا پہلے سے کوئی علم نہیں تھا، ان کا منصوبہ غزہ کی سرحد کے قریبی اسرائیلی بستیوں اور فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کا تھا۔

رپورٹ کے مطابق حماس کے جنگجوؤں کو ڈرونز اور پیراشوٹوں کے ذریعے اسرائیلی علاقوں میں اترتے وقت فیسٹیول کا علم ہو اجس کے بعد انہوں نے موقع پر ہی سپر نووا میوزک فیسٹیول پر حملے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسرائیلی اخبار نے پولیس تحقیقات میں فیسٹیول میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق بتایا کہ 7 اکتوبر کے حملوں کے وقت موقع پر پہچنے والے اسرائیلی ہیلی کاپٹر کی جنگجوؤں پر جوابی فائرنگ کی زد میں میوزک فیسٹیول کے شرکا بھی آئے۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں بچ جانے والی ایک اسرائیلی خاتون نے اکتوبر میں ہی اسرائیلی ریڈیو کو بتایا تھا کہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے اپنے ہی کئی لوگ مارے گئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیسٹیول پر حماس کے حملے کے دن 4 ہزار 4 سو افراد وہاں موجود تھے، حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فورسز کی ریڈار سسٹم اور انڈر گراؤنڈ سینسرز جیسی ہائی سکیورٹی رکاوٹیں توڑتے ہوئے فیسٹیول، فوجی پوسٹوں اور اسرائیلی قصبوں پر حملہ کرکے 1200 سے زائد لوگوں کو ہلاک کردیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے افراد سے کی گئی  تفتیش اور اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں جان گنوانے والے جنگجوؤں سے برآمد ہونے والے ٹارگیٹڈ لوکیشنز کے نقشوں اور دیگر ذرائع سے جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر پولیس انویسٹی گیٹر اس نتیجے پر پہنچے کہ فیسٹیول پر حملہ حماس کے منصوبے میں شامل نہیں تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حماس کے جنگجوؤں نے فیسٹیول پر حملہ سرحد سے آکر نہیں کیا تھا بلکہ اس حملے کیلئے انہوں نے قریبی ہائی وے کا انتخاب کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر دو روزہ میوزک فیسٹیول کیلئے جمعرات اور جمعے کے دنوں کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بعد میں  منگل کے روز اس میں ایک روز کا اضافہ کرتے ہوئے فیسٹیول کو ہفتے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میوزک فیسٹیول پر حماس کے پہلے راکٹ حملے سے قبل ہی بڑی تعداد میں شرکاء حملے کے مقام سے دور نکل چکے تھے تاہم موقع پر موجود کافی شرکاء حماس کے جنجگوؤں پر جوابی حملہ کرنے والے اسرائیلی فورسز کے ہیلی کاپٹر کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیسٹیول پر حملے میں 17 پولیس افسران سمیت 364 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید خبریں :