19 نومبر ، 2023
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ورلڈکپ کے فائنل میں فلسطین کی حمایت میں شرٹ پہنا شخص گراؤنڈ میں گھس آیا۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندار مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
بھارت کی بیٹنگ کے دوران ایک موقع پر کچھ دیر کے لیے میچ کو اس وقت روکنا پڑا جب ’فری فلسطین‘ کی شرٹ پہنے ایک نوجوان گراؤنڈ میں داخل ہو گیا اور بھارتی بیٹر ویرات کوہلی تک پہنچ گیا۔
گراؤنڈ انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہوئی اور متعلقہ شخص کو پکڑ کر گراؤنڈ سے باہر لے گئی۔
خیال رہے کہ غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں گزشتہ 42 روز سے جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔