19 نومبر ، 2023
آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ بھارت دنیائے کرکٹ کا نیا 'چوکر' بن گیا۔
اتوار کو ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی بار ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور بھارتی ٹیم ایک بار پھر آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں ناکام رہی۔
کرکٹ میں اگر لفظ 'چوکرز' پکارا جائے تو سب سے پہلے ایک ہی ٹیم کا نام ذہن میں آتا ہے وہ ہے جنوبی افریقا، کیونکہ تاریخ بتاتی ہے کہ وہ ہر بار آئی سی سی ایونٹس میں باہر ہوجاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس سال بھی سیمی فائنل میں شکست کھا کر ورلڈکپ کا فائنل نہیں کھیل سکی۔
کھیل میں چوکرز کا مطلب یہ ہے کہ ایونٹ کی فیورٹ ٹیم غیر متوقع طور پر برا کھیل پیش کر کے شکست سے دوچار ہوتی ہے۔
اگر بھارتی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ 10 سالوں میں آئی سی سی ایونٹس میں کارکردگی دیکھیں تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ'جنوبی افریقا پرانا ہوگیا،بھارت دنیائے کرکٹ کا نیا چوکر بن گیا'۔
اتوار کو ورلڈکپ کے فائنل سے پہلے بھارت پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا، گروپ اسٹیج کے 9 میچز اور پھر سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی لیکن پھر فائنل میں ایک بار پھر بھارتی ٹیم کو شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔
بھارتی ٹیم نے 2013 کی چیمپئن ٹرافی جیتنے کے بعد سے 10 آئی سی سی ایونٹس کھیلے اور ہر بار فیورٹ ہونے کے باوجود وہ ٹورنامنٹ جیتنے میں ناکام رہی۔
2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں شکست
2015 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست
2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست
2017 کی چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں شکست
2019 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست
2021 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست
2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں ہی باہر
2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست
2023 میں آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ میں شکست
2023 میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں شکست
اگر بھارتی ٹیم کی گزشتہ 10 آئی سی سی ایونٹس میں کارکردگی پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ صرف جنوبی افریقا ہی چوکرز نہیں بلکہ اب بھارت بھی دنیائے کرکٹ کا نیا چوکر بن گیا ہے۔