Time 20 نومبر ، 2023
پاکستان

لاہور میں ایک جلسہ کرایاگیا، بول رہےہیں دو تہائی لائیں گے: بلاول کی ن لیگ پر تنقید

دو تہائی اکثریت والے کہتے ہیں کہ ہماری بات ہوگئی ہے، اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں: پی پی چیئرمین— فوٹو: پی پی
دو تہائی اکثریت والے کہتے ہیں کہ ہماری بات ہوگئی ہے، اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں: پی پی چیئرمین— فوٹو: پی پی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا کے جیالے جاگ چکے ہیں، الیکشن کے لیے تیار ہیں، جیالے الیکشن سے بھاگ نہیں رہے بلکہ الیکشن کا مطالبہ کررہے ہیں، جیالے اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بہت مشکلات اور مسائل ہیں، کہاں سے شروع کروں؟ مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، بیروزگاری، غربت تاریخی سطح پر ہے، اسلام آباد کو پرواہ نہیں ہے، دہشت گردوں کو یہاں لاکر بسایا، نقصان پاکستان بھگت رہا ہے، کبھی پولیس پر تو کبھی افواج پر حملہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں تمام مسائل کا حل نکالنا ہے، پیپلز پارٹی اپنے لیے نہیں، ملک و عوام کے بارے میں سوچتی ہے، تمام مسائل سے نکلنا ہے تو صاف شفاف الیکشن کرانا ہوں گے، الیکشن کمیشن اور  چیف جسٹس ضمانت دیں کہ 8 فروری کے الیکشن پر کوئی انگلی نہ اٹھائے، اگر کوئی الزام لگا سکتا ہے تو الیکشن کا کیا فائدہ ہوگا، ہمیں صاف شفاف الیکشن چاہیے، امید ہے صاف شفاف الیکشن ہوں گے، صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بننے والی حکومت معاشی مسائل حل نہیں کرسکتی، صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو دھرنا دھرنا ہوگا، ملک کا نقصان ہوگا۔

بلاول کا کہنا تھاکہ لاہورمیں ایک جلسہ کرایاگیا،دو تہائی اکثریت والے کہتے ہیں کہ ہماری بات ہوگئی ہے، اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں، ایک وزیراعظم بنے گا تو دوسرا دھاندلی کا الزام لگا کر دھرنے شروع کردے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم چاہتے ہیں بزنس برادری ترقی کرے، انڈسٹری چلے، معیشت چلے، بزنس برادری کو اپنی ترقی عوام کے ساتھ شیئر کرنا پڑے گی، مزدور کو محنت کے مطابق تنخواہ دینا ہوگی، نواز شریف کہتے امیر لوگ سرمایہ کاری کریں تو ان سے سوال نہ پوچھیں، میں سمجھتا ہوں یہ غلط ہے، ہم سوال ضرور پوچھیں گے، ہم پوچھیں گے کہ مقامی لوگوں کو کتنا روزگار دیا، تنخواہ کیا رکھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کے بعد ہم وہ اونٹ ہوں گے جہاں یہ اونٹ بیٹھے گا وہاں حکومت ہوگی۔

مزید خبریں :