Time 20 نومبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ٹیکس فراڈ کیس سے بچنے کیلئے شکیرا نے لاکھوں یورو جرمانہ ادا کرنےکی حامی بھرلی

گلوکارہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے آرہی ہیں / رائٹرز فوٹو
گلوکارہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے آرہی ہیں / رائٹرز فوٹو

لاطینی امریکی ملک کولمبیا سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ شکیرا نے ٹیکس فراڈ کیس میں کارروائی سے بچنے کے لیے پراسیکیوٹرز سے مصالحت کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں گلوکارہ کو ایک کروڑ 45 لاکھ یورو کے مبینہ ٹیکس فراڈ کے الزامات کے تحت عدالتی کارروائی کا سامنا تھا۔

گلوکارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران اسپین میں اپنی آمدنی پر یہ انکم ٹیکس ادا نہیں کیا تھا۔

مگر اب گلوکارہ نے عدالت سے باہر ہی معاملے پر مصالحت کرلی ہے۔

پراسیکیوٹرز کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت شکیرا نے الزامات کو قبول کرتے ہوئے 73 لاکھ یورو جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

اس مقدمے کی پہلی سماعت کے دوران جج نے کہا کہ گلوکارہ 73 لاکھ یورو جرمانے کے ساتھ ساتھ 3 سال قید کی سزا سے بچنے کے لیے بھی مزید 4 لاکھ 38 لاکھ یورو کا جرمانہ ادا کریں گی۔

شکیرا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس معاہدے کا فیصلہ قانونی وجوہات کی وجہ سے نہیں کیا بلکہ ذاتی اور جذباتی وجوہات کے باعث کیا گیا۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ وہ اپنی معصومیت ثابت کرنے کے لیے تیار تھیں، مگر پھر انہوں نے اپنے کیرئیر اور بچوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ وہ جیت کسی کام کی نہیں جس کی قیمت زندگی کے کئی برس ضائع ہونے کی شکل میں ادا کرنی پڑے'۔

46 سالہ گلوکارہ عدالت میں بھی پیش ہوئیں اور جج کے سامنے معاہدے کی تصدیق کی۔

خیال رہے کہ گلوکارہ کے خلاف ایک اور ٹیکس فراڈ کے معاملے پر تحقیقات معطل ہے اور ماضی میں شکیرا انہیں جھوٹے الزامات قرار دیتی رہی تھیں۔

شکیرا ماضی میں اسپین کے فٹبالر Gerard Piqué کے ساتھ 11 سال تک بارسلونا میں رہی تھیں، جن سے ان کے 2 بچے بھی ہیں۔

فٹبالر سے تعلق ختم ہونے کے بعد وہ امریکی شہر میامی منتقل ہو گئی تھیں۔

مزید خبریں :