22 نومبر ، 2023
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں تیسرے کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ (کے ٹی پی ایل)کی ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ لیگ کی فرنچائزوں کیلئے پلیئرز کی ڈرافٹنگ کی گئی۔
تقریب میں شرکت کے دوران مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سابق کپتان جاوید میانداد، مشتاق محمد، ہارون رشید، صادق محمد سمیت مختلف سفارت کاروں اور لیگ کے چیف آپریٹنگ آفیسر زوہیر نصیر نے ٹرافی کی رونمائی میں حصہ لیا۔
ٹرافی کی رونمائی تقریب میں ملک کے معروف گلوکار ساحر بھگا نے موسیقی کا جادو جگایا جبکہ مختلف ڈانسرز نے میوزک پر رقص کرکے رنگ بکھیرے۔
تیسرے کے ٹی پی ایل کی ٹرافی کی رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کو خود آن کروں گا صوبے میں بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے اسے کھلانا اور نکھارنا بڑا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہیلتھ، اسپورٹس اور کلین اینڈ گرین پروگراموں پر کام کررہے ہیں، کھیلوں کی طرف خصوصی توجہ ہے۔
رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے پی ٹی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر زوہیر نصیر نے کہا کہ ان کا ہدف کراچی کی گلی کرکٹ کو میدانوں میں لانا ہے جس کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
تیسرے کراچی پریمیئر لیگ کی ڈرافٹنگ بھی کی گئی 8 فرنچائزز کیلئے ملک کے 250 پلیئرز کو مختلف کیٹیگریز سے منتخب کیا گیا۔
ایونٹ کا انعقاد یکم دسمبر سے معین خان اکیڈمی پر ہوگا جسے پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل براہ راست نشر کرے گا۔