Time 22 نومبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

’بچوں کا قتل عام بند کرو‘، بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ہمیں بچوں سے متعلق سوچنا چاہیے جو بغیر کسی جرم کے ہولناک جنگوں کا شکار ہوگئے اور وہ بے بس ہیں: بھارتی اداکارہ__فوٹو: انسٹاگرام/دیا مرزا
ہمیں بچوں سے متعلق سوچنا چاہیے جو بغیر کسی جرم کے ہولناک جنگوں کا شکار ہوگئے اور وہ بے بس ہیں: بھارتی اداکارہ__فوٹو: انسٹاگرام/دیا مرزا

بالی وڈ کی خوبرو اور ورسٹائل اداکارہ دیا مرزا نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور ظلم کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دیا مرزا نے انسٹاگرام پر خصوصی طور پر غزہ کے بچوں کے لیے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا 'بچوں کے اس قتل عام کو کسی صورت درست نہیں قرار دیا جاسکتا، انسانیت کے لیے فوری طور پر جنگ بندی کرنی چاہیے، بچوں کی موت انصاف کا قتل عام ہے'۔

اداکارہ نے کہا 'ہمارے بچے قیمتی ہیں، ہر ایک بچہ، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک یا علاقے سے ہو، بچے معصوم، مہربان، محبت کرنے والے اور سکون دینے والے ہوتے ہیں، ان میں ایسی خوبیاں پائی جاتی ہیں جن کو اپنانا ہم میں سے ہر ایک پر فرض ہونا چاہیے'۔

بھارتی اداکارہ نے مزید لکھا کہ ہمیں بچوں سے متعلق سوچنا چاہیے جو بغیر کسی جرم کے ہولناک جنگوں کا شکار ہوگئے اور وہ بے بس ہیں۔

دیا مرزا نے کہا کہ بطور ماں اور ایک انسان وہ سمجھتی ہیں کہ اس ہولناک جنگ کو رکنا چاہیے اور انسانیت کو بچانے کے لیے جنگ بندی ہونی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا یاد رکھیں کہ بچے سب سے زیادہ پرامن دنیا کے مستحق ہیں،  اپنے بچوں کی خاطر، انسانیت کے لیے ابھی جنگ بندی کریں!

واضح رہےکہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 14 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 5500 بچے اور متعدد خواتین بھی شامل ہیں جب کہ 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہر زخمی ہیں۔

مزید خبریں :