جرائم
Time 22 نومبر ، 2023

بھارت: ورلڈکپ فائنل کے دوران ٹی وی بند کرنے پر باپ نے بیٹے کو گلا گھونٹ کر مار دیا

بیٹے دیپک نے باپ سے پہلے کھانا بنانے کی درخواست کی جس پر باپ نے انکار کیا تو بیٹے نے ٹی وی بند کردیا: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو
بیٹے دیپک نے باپ سے پہلے کھانا بنانے کی درخواست کی جس پر باپ نے انکار کیا تو بیٹے نے ٹی وی بند کردیا: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو

بھارت میں ورلڈکپ فائنل دیکھتے ہوئے ٹی وی بند کرنے پر باپ نے بیٹے کو قتل کردیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا اختتام بھارت کی شکست کے ساتھ ہوا جس میں آسٹریلیا نے میزبان بھارت کو باآسانی شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

بھارت کی شکست کے ساتھ ہی جہاں ملک بھر میں صف ماتم بچھ گئی وہیں کچھ ناخوشگوار واقعات بھی رپورٹ ہوئے جس میں 2 نوجوانوں نے ٹیم کے ہارنے پر خودکشی کی جب کہ اب ایک حالیہ رپورٹ میں باپ کے ہاتھوں بیٹے کے قتل کی خبر بھی سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ کان پور میں پیش آیا جہاں گنیش پرساد نامی شخص گھر پر ورلڈکپ کا فائنل دیکھ رہا تھا کہ اس دوران اس کے بیٹے دیپک نے باپ سے پہلے کھانا بنانے کی درخواست کی جس پر باپ نے انکار کیا تو بیٹے نے ٹی وی بند کردیا۔

بیٹے کے ٹی وی بند کرنے پر باپ بیٹے کی تکرار ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی جس پر باپ نے موبائل فون چارجر کے تار سے بیٹے کا گلا گھونٹ دیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم اس وقت شراب کے نشے میں تھا، پولیس کو ملزم کے پڑوسیوں نے اطلاع دی تھی، پولیس جب پہنچی تو نوجوان کی لاش سیڑھیوں پر پڑی تھی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا بتانا ہےکہ ملزم کی بیوی گزشتہ ہفتے ہی مار پیٹ کے بعد گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔

مزید خبریں :