23 نومبر ، 2023
سال 2024 میں اداکار فیصل قریشی اپنی دو فلموں کے ساتھ انٹری دیں گے جس میں ابو علیحہ کی پنجابی کامیڈی فلم ’مینگو جٹ‘ اور ہدایتکار رافع راشدی کی کینیڈین پاکستانی ہارر فلم ’دیمک‘ شامل ہیں۔
وہیں رواں سال فلم دادل میں لیاری کی باکسر کا کردار نبھانے والی اداکارہ سونیا حسین بھی اگلے برس ’دیمک‘ میں فیصل قریشی کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ہدایتکار رافع راشدی نے بتایا کہ ’فلم حقیقی کہانی پر مبنی ہے جسے عائشہ مظفر نے لکھا ہے، یہ کہانی ایک فیملی کے ساتھ رونما ہونے والے عجیب و غریب واقعات کی عکاسی کرتی ہے جو پراسرار مخلوق کے زیر اثر ہے البتہ اس فیملی کا واسطہ اس مخلوق سے کیسے پڑتا ہے اس کے لیے آپ کو فلم ریلیز ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا‘۔
فلم کی کاسٹ پر بات کرتے ہوئے ہدایتکار نے بتایا کہ ’جس وقت ڈرامہ سیریل بادشاہ بیگم میں ہدایتکاری کے فرائض نبھائے تھے اس وقت سے فیصل قریشی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی جو کہ اب پوری ہوگئی البتہ جب انہیں اسکرپٹ سنایا تو انہوں نے اپنے کردار کے بارے میں تفصیلات پوچھیں، میں نے انہیں واضح کیا کہ یہ ایسے آدمی کا کردار ہے جو کسی بھی قیمت پر اپنے گھروالوں کو نقصان پہنچتے نہیں دیکھ سکتا جس طرح ہم ہالی وڈ کی ہارر فلموں میں مرکزی کردار کو اپنی فیملی کو بچاتے دیکھتے ہیں، اس کے بعد فیصل کو (وی ایف ایکس) گرافکس دکھائیں جو ہم نے کینیڈین ٹیم سے تیار کروائی تھیں، یہ خاکے پراسرار مخلوق کے تھے جن کو دیکھنے کے بعد فیصل نے فوراً فلم کرنے کی حامی بھرلی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اسی طرح سونیا نے بھی اسکرپٹ سنا جو انہیں پسند آیا اور انہوں نے بھی فلم میں کام کرنے کے لیے ہاں کردی، سونیا ’دیمک‘ میں فیصل کی اہلیہ کا کردار نبھا رہی ہیں‘
ڈراونی فلمیں دیکھ کر بڑا ہوں: فیصل قریشی
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ ’پاکستان میں بننے والی یہ اب تک کی سب سے مختلف ڈراونی فلم ہے، میرا کردار ایک ایسے شخص کا ہے جو پراسرار مخلوق یا واقعات پر یقین نہیں رکھتا، یہ کہانی اسی کے گرد گھومتی ہے کیونکہ وہ گھر کا سربراہ ہے، یہ فیملی فلم ہے جسے بچے بڑے سب انجوائے کرسکیں گے اور انہیں ڈر بھی لگے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’بچے ڈراونی فلمیں دیکھتے بھی ہیں اور ڈرتے بھی ہیں، میں بھی بچپن سے ایول ڈیڈ دیکھنے والا بچہ رہا ہوں جو ڈرتا تھا لیکن دیکھتا بھی تھا اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج ہارر فلمیں اکیلے بیٹھ کے دیکھ لیتا ہوں‘۔
اداکارہ سونیا حسین پہلی بار کسی ہارر فلم میں کام کررہی ہیں، اپنے تجربے کے بارے میں انہوں نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ وہ اور ان کی فیملی شوق سے ڈراؤنی فلمیں دیکھتے ہیں جب کہ وہ پراسرار مخلوق کو حقیقت سمجھتی ہیں، ہمیشہ سے ہی انہیں ڈراؤنی فلم میں کام کرنے کا شوق تھا لیکن پاکستان میں ہارر پر کوئی خاص کام نہیں ہورہا تھا لہٰذا جب انہیں ہدایتکار رافع راشدی نے فلم کی پیشکش کی تو وہ اسکرپٹ سے متاثر ہوکر انکار نہیں کرسکیں‘۔
فلم میں ناظرین کو کس چیز سے خوف محسوس ہوگا؟
ہدایتکار رافع راشدی نے جیو ڈیجیٹل کو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کہانی میں نان آئٹم نمبر ہے، نہ خون خرابہ ہے البتہ یہ بتا سکتا ہوں کہ اس مرتبہ آپ کو جن نظر آئیں گے۔
فلم کی کاسٹ میں ثمینہ پیردازہ، فیصل قریشی کی ماں کا کردار کریں گی جب کہ جاوید شیخ، بشری انصاری اور ثمن انصاری بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔