Time 23 نومبر ، 2023
پاکستان

عمران کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے 2028 تک حکومت بنالیتے: آصف زرداری

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

سابق صدر آصف زرداری نے انکشاف کیا ہےکہ عمران حکومت میں پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے اتحاد کے لیے 6 وزارتوں کی پیش کش کی گئی تھی، عمران خان کو نہ نکالتے تو  وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او  الیکشن کروا کے 2028 تک حکومت بنالیتے۔

جیو نیوز کے پروگرام 'کیپٹل ٹاک' کے میزبان حامد میر کو خصوصی انٹرویو میں آصف زرداری نے بتایا کہ عمران حکومت مائنس زرداری پیپلز پارٹی چاہتی تھی، انہیں ملک سے باہر  جانےکا کہا گیا اور کہا گیا کہ باقی پیپلز پارٹی 6 وزارتوں کے بدلے پی ٹی آئی سے مل کر الیکشن لڑے، میرے ورکر مجھ پربہت اعتماد کرتے ہیں، میں خود بھاگ  جاتا تو انہیں کیا کہتا۔

آصف زرداری نے کہا کہ  عمران خان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد درست فیصلہ تھا، عمران خان کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا تھا، عمران خان ملکی معیشت کے دشمن تھے، عمران خان کو نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او  الیکشن کروا کے 2028  تک حکومت بنالیتے ، پھر ایک کلو دودھ کے لیے ٹرک بھر کر پیسے لے جانے  پڑتے، عدم اعتماد واپس  لے لیتے توپاکستان کے حالات بہتر نہیں بدتر ہوتے، نہ ایکسپورٹ  تھی، نہ زرمبادلہ تھا، نہ دوست تھے جو  مدد کرسکتے،ہر چیز میں ڈیفالٹ کرچکے تھے، شہباز شریف کے نمبر بھی  زیادہ تھے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ  یقین ہےکہ اگلے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، اسی لیے ان کی  جماعت ایکشن میں ہے، ہماری انتخابی مہم شروع ہے، انتخابی مہم سیاسی جماعتوں کے لیے صحت مند ہوتی ہے۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کے حوالے سے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں ان سے متاثر تھا کہ یہ صبح 6 بجے اٹھتے ہیں، رات 8 بجےتک کام کرتے ہیں، اتحادی حکومت کا تجربہ کافی مشکل تھا، شہبازشریف کو کافی چیزیں کہیں جو نہیں مانیں اور  اس وجہ سے ملک کو نقصان ہوا، 2 ارب کی چینی  پڑی تھی،اجازت نہیں دی، افغانستان اسمگل ہوگئی، ہمیشہ  خوردنی تیل درآمد ہوتا ہے، اس پرپابندی لگا دی۔

  آئندہ الیکشن کے نتیجےمیں مخلوط حکومت بنےگی: آصف زرداری

ان کا کہنا تھا کہ  آئندہ الیکشن کے نتیجےمیں مخلوط حکومت بنےگی، ہم ن لیگ کے ساتھ نہ چل سکے اور  ن لیگ ہمارے ساتھ نہ چل سکے، یہ بات وقت سے پہلے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے الیکشن پربات کرسکتے ہیں، دوسری پارٹی کے الیکشن پر نہیں، پارٹی الیکشن پرچی پر نہیں، عوام کی رائے پر  ہوتا ہے، فرحت اللہ  بابر  نے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، وقت کا تقاضہ ہے، عمر ہے اس لیے استعفیٰ دیا، فرحت اللہ بابر پارٹی میں رہیں گے،کسی اور حیثیت سے کام کریں گے۔

جس طرح کمشیر شہ رگ ہے،فلسطین بھی شہ رگ ہے: آصف زرداری

 پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے اداروں کو پہلے بھی مضبوط کیا ہے،آئندہ بھی کریں گے، ایران، افغانستان، چین سے ہمارے تعلقات اچھے تھے، ایران گیس پائپ کا منصوبہ انڈسٹری کے لیے سستی گیس، بجلی کے لیے لایا تھا، سعودیہ سے تعلقات سب کے اچھے ہیں، تعلقات ملکوں کی سطح پر ہوتے ہیں، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہوں، جس طرح کمشیر شہ رگ ہے،فلسطین بھی شہ رگ ہے، بطور صدر مجھ پر اسرائیل کو تسلیم کرنےکے لیے کوئی دباؤ نہیں تھا۔

توشہ خانہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ  سے بم پروف گاڑی لی، مجھے یو اے ای  نےگاڑی  دی تھی، کرنل قذافی نے بھی مجھے بم پروف گاڑی دی تھی، میرے14 سال پرانےکیس ختم ہوئے، عمران خان کی مہربانی والےکیس ختم نہیں ہوئے، مجھ پر نئے کیس نواز شریف  نے نہیں عمران خان نے بنائے تھے،  آئی جے آئی حمید گل نے ہمارے خلاف بنائی تھی،  آئی پی پی جہانگیرترین نے بنائی۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ  لوگ روزگار  کے لیے  باہر  جا رہے ہیں، مٹی سے سب کو  پیار ہے،  پاکستان سے ماہر لوگ  جائیں گے تو ترسیلات زر آئے گی،  ملکی معیشت کی بحالی پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے، ہم کاروبار کے مواقع  بڑھانےکی کوشش کریں گے، اقتدار ملا  تو وزیر خزانہ  پارٹی کے اندر سے آئےگا۔

پی ٹی آئی کے خلاف نہیں، صرف ایک شخص کےخلاف ہیں: آصف زرداری

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیا ہے اور قیمت بھی ادا کی ہے، پہلے 14 سال قید کاٹی اور عمران خان کے دور میں 6 ماہ قید کاٹی، ہم پی ٹی آئی کے خلاف نہیں، صرف ایک شخص کےخلاف ہیں، پی ٹی آئی الیکشن لڑے گی، انتخابات میں بھی ہوگی، آصفہ بھٹو جہاں سے الیکشن لڑنا چاہے لڑے، وہ بہت مضبوط امیدوار ہے۔

انہوں نےکہا کہ  زمینداری میری کمزوری ہے،کاروبار میراکنسٹرکشن کا ہے، میں نے کراچی میں کنسٹرکشن کے 4 منصوبے بنائے ہیں اور  بھی ارادہ ہے۔

 بلاول ابھی مکمل ٹرینڈ نہیں ہوا: آصف زرداری

بلاول کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو زرداری ابھی مکمل ٹرینڈ نہیں ہوا، پڑھا لکھا ہے، اچھا بولتا ہے، لیکن تجربہ تجربہ ہوتا ہے، بلاول تین پی والی پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں، لیکن وہ چار  پی والی جماعت کے سربراہ ہیں ، ٹکٹ دینے کا اختیار ان کے پاس ہے ، بلاول کو بھی وہ ہی ٹکٹ دیں گے، نئی نسل کی اپنی سوچ ہے، وہ کہتی ہے کہ بابا آپ کو کچھ نہیں پتہ، اسے سوچ کے اظہار کا مکمل حق ہے ، سوچ کے اظہار پر تو ٹیکس نہیں ہے ، بلاول کو بیان دینے سے روکوں گا نہیں ،کیوں کہ اگر  وہ ناراض ہوگیا  اور کہا کہ گھر بیٹھ جاتا ہوں تو میں کیا کروں گا۔

مزید خبریں :