26 نومبر ، 2023
ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔
کراچی کے شاپنگ مال میں 11 افراد کی زندگیاں نگلنے والی آگ کیسے بھڑکی، عمارت میں پھنسے افراد کو کیوں نہ نکالا جا سکا؟ قیمتی جانیں ضائع ہونےکا ذمہ دار کون ہے؟ اب ان سب سوالوں کے جواب کمیٹی تحقیقات کے بعد دے گی۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا ہےکہ جنریٹر سے آگ پھیلنے کی اطلاع درست نہیں، ہفتہ کی صبح آگ لگنے کے وقت شاپنگ سینٹر میں صرف چوتھے فلور پر بجلی استعمال کی جارہی تھی جہاں سوفٹ ہاؤس اور کال سینٹرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیگر منزلوں پربجلی کی فراہمی بند تھی، ریسکیو حکام نے عمارت میں ہنگامی اخراج نہ ہونے کی نشاندہی کی ہے۔
واضح رہے کہ راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
جناح اسپتال کے حکام کے مطابق 9 میتوں کو جناح اسپتال جب کہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات جناح اسپتال کابتانا ہے کہ جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام مرد ہی ہیں جن کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔