27 نومبر ، 2023
حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کی دلہن انمول محمود کے شادی کی تقریبات پر پہنے گئے دیدہ زیب لباس ان دنوں سوشل میڈیا پر گفتگو کا محور بنے ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز 26 نومبر کو امام الحق اور انمول محمود کے ولیمے کی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم سمیت کئی معروف کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
کرکٹر کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر منگل کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا جس میں انمول نے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا جوڑا زیب تن کیا۔
اس جوڑے کی قیمت 15 لاکھ 50 ہزار روپے تھی جو کہ سرخ ، نارنجی اور سنہرے رنگ کا تھا۔
امام الحق اور انمول کے لیے 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں بھی سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے شرکت کی، اس تقریب میں امام الحق استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی گنگناتے دکھائی دیے۔
انمول محمود نے قوالی نائٹ کے لیے بھی حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا انتخاب کیا اور سِلور رنگ کی میکسی پہنی جب کہ امام الحق نے اس تقریب کے لیے سیاہ رنگ کا کرتا پاجامہ منتخب کیا۔
جیو ویب نے جب حسن شہریار یاسین کی ٹیم سے اس جوڑے کی قیمت جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے اس لباس کی قیمت 8 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی۔
26 نومبر کو لاہور میں ہی ولیمے کی تقریب ہوئی جس کی تصاویر فوٹو گرافر عزہ شاہین ملک نے شیئر کیں۔
اس کے علاوہ کچھ اور ویڈیو اور تصاویر بھی سامنے آئیں۔
انمول نے ولیمے پر 'لاجونتی' نامی برانڈ کا جوڑا پہنا، اس لباس کی قیمت جاننے کے لیے جیو ویب نے جب ڈیزائنر سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس کی قیمت 17 لاکھ روپے بتائی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انمول محمود کے جوڑے کافی پسند کیے جارہے ہیں۔
امام کی دلہن انمول محمود کون ہیں؟
امام الحق کی اہلیہ انمول محمود پیشے کے اعتبار سے ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں جو کہ امام کی پرانی دوست تھیں اور اب ان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکی ہیں۔
اوپننگ بیٹر نے اس کی تصدیق اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کی تھی۔