Time 29 نومبر ، 2023
جرائم

کراچی: نامعلوم افراد جناح اسپتال میں 8 سالہ لڑکے کی لاش چھوڑ کر فرار، ویڈیو سامنے آگئی

کراچی: جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں 2 نامعلوم افراد 8 سالہ لڑکے کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے جس کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی۔

جناح اسپتال میں کم عمر لڑکےکی لاش لانے کی سی سی ٹی وی میں گرے رنگ کی کار کے بمپر پر ڈینٹ دیکھا جاسکتا ہے۔

ایمرجنسی کے اندر کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ 2 افراد اسٹریچر پر لڑکے کی لاش لے کر آئے، ایک نے سفید شلوار قمیض اور دوسرے نے سبز شرٹ اور جینز پہنی رکھی تھی جب کہ فوٹیج میں سبز شرٹ پہنے شخص کو کسی سے بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ لڑکے کی لاش اسپتال میں چھوڑ کر سفید شلوار قمیض میں ملبوس شخص فوری اسپتال سے گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔

اس حوالے سے جناح اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ 2 نامعلوم افراد جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں 8 سال کے لڑکے کی لاش چھوڑگئے، بچے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا اور بچے کا روڈ ایکسیڈنٹ ہوا تھا۔

ترجمان کے مطابق لڑکے کو لانے والے افراد کو ایمرجنسی کی پرچی بنوانے کا کہا گیا تو وہ  فرار ہوگئے، اسپتال انتظامیہ سی سی ٹی وی کو پولیس کے حوالے کرے گی۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کار جس شخص کے نام پر ہے اس کا پتا لگا لیا گیا ہے اور کار کے مالک سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکے کی شناخت 8 سالہ راول فیاض کے نام سےہوئی جو قیوم آباد کا رہائشی ہے اور صبح سے لاپتا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ ایس ایچ او کو تحقیقات کا حکم دیدیا۔

مزید خبریں :