Time 30 نومبر ، 2023
دنیا

حماس نے 4 غیر ملکیوں سمیت 16 یرغمالی رہا کردیے، عارضی جنگ بندی میں مزید توسیع کا امکان

حماس کی جانب سے مزید 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے چند گھنٹے قبل روس کی دوہری شہریت کی حامل دو اسرائیلی خواتین کو بھی رہا کیا گیا تھا— فوٹو: اسکرین گریب
حماس کی جانب سے مزید 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے چند گھنٹے قبل روس کی دوہری شہریت کی حامل دو اسرائیلی خواتین کو بھی رہا کیا گیا تھا— فوٹو: اسکرین گریب

حماس نے عارضی جنگ بندی معاہدے کے چھٹے اور آخری روز 4 غیرملکیوں سمیت 16 یرغمالی رہا کردیے جبکہ حماس کے جانب سے یرغمالیون کی رہائی کے بعد اسرائیل کو بھی بھی مزید 30 فلسطینی رہا کرنے پڑے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے 5 خواتین اور 5 بچوں سمیت مزید 10 اسرائیلیوں اور 4 تھائی شہریوں کو رہا کیا گیا ہے جبکہ اس سے چند گھنٹے قبل روس کی دوہری شہریت کی حامل دو اسرائیلی خواتین کو بھی رہا کیا گیا تھا۔

ترجمان قطری محکمہ خارجہ ماجد محمد الانصاری کے مطابق حماس کی جانب سے رہائی پانے والے یرغمالیوں میں دوہری ڈچ شہریت کے حامل بچے سمیت 3 جرمن اور ایک امریکی بھی شامل ہے۔

القسام بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی بمباری میں دوران حراست 3 اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت کا اعلان بھی کیا گیا جس کی اسرائیلی حکومت نے تصدیق کی۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں توسیع سے متعلق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ قطر اور مصر کی کوششوں سے غزہ پٹی میں جنگ بندی میں توسیع کا امکان ہے جبکہ چین نے غزہ میں جامع اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے۔

دوسری جانب برطانوی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں مزید 4 روز کی توسیع کے لیے حماس کی جانب سے رضامندی ظاہر کردی گئی ہے جبکہ قطر اور امریکا کو اسرائیل سے رضامندی ملنے کی بھی قوی امید ہے۔


ادھر فلسطینی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ غزہ کے شمالی علاقوں میں امدادی سامان کے 21 ٹرک تقسیم کردیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی فلاحی تنظیم ریڈ کراس کا کہنا تھا کہ غزہ میں 6 روزہ جنگ بندی کے دوران اب جنگ کی تباہی سے متاثرہ شہریوں میں امدادی سامان کے 254 ٹرک تقسیم کر لیے گئے ہیں۔

فلسطینی ریڈ کراس کے مطابق تقسیم کیے گئے امدادی سامان میں خورک، پانی اور بچوں کی ضروریات کی اشیا سمیت کمبل شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کی ایک بار پھر فلسطینیوں کو شمالی غزہ نہ جانے کی دھمکی ، کہا شمالی غزہ اب بھی وار زون ہے۔

ادھرمغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے مزید 2 فلسطینی بچوں کو شہید کردیا جبکہ فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا عمل بھی جاری رہا۔

اسرائیل کی جانب سے ایک جانب 150 فلسطینیوں کو رہا کیا گیا تو دوسری جانب مزید 133 فلسطینیوں کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں اب تک 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 36 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، اسرائیل کے زمینی اور فضائی حملوں میں زخمی اور شہید ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :