Time 30 نومبر ، 2023
پاکستان

دانیال عزیز نے پارٹی جنرل سیکرٹری احسن اقبال کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رہنما مسلم لیگ ن دانیال عزیز  نے اپنی ہی پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مہنگائی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

ایک بیان میں دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ  احسن اقبال بلدیاتی حکومتوں کے بارے میں خودکو عقل کُل سمجھتے ہیں، احسن اقبال کو مقامی حکومتوں سے متعلق تقریر جھاڑنے سے پہلے جواب دینا چاہیے کہ وہ جب (گزشتہ دور حکومت میں)  پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین تھے  تو  ریکارڈ توڑ مہنگائی پر قابو کیوں نہ پاسکے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ  اس نااہلی کی وجہ سے ہماری حکومت عوامی سطح پر مکمل ناکام ہوگئی تھی، ہماری پارٹی مسلم لیگ ن مہنگائی کو کم  رکھنے کا بہت اچھا ریکارڈ رکھتی تھی، لیکن مہنگائی کی وجہ سے ہماری پارٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔

سابق ایم این اے اور  مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ  غریب عوام کو کمر توڑ مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا جو احسن اقبال کی مکمل نا اہلی اور  ناکامی تھی، پارٹی  نے مہنگائی کا نوٹس لیا ہوتا  تو ناکامی  پر یقیناً احسن اقبال کو برطرف کر دیا جاتا۔

 ان کا کہنا تھا کہ  الیکشن سرپر ہیں  اور  پارٹی مہنگائی کا نوٹس نہ بھی لے تو عوام ہرحال میں لیں گے، اب  وہ  ووٹ کو جاری مہنگائی  سے جوڑ رہے ہیں جس کے ذمہ دار احسن اقبال  ہیں۔

مزید خبریں :