سندھ کے چیف الیکشن کمشنر سیاسی جماعت کے حلف یافتہ لگتے ہیں: ایم کیو ایم

سندھی ہمارے بھائی ہیں لیکن بدقسمتی سے صوبے کو سندھی صوبہ بنا دیا گیا ہے— فوٹو: فائل
سندھی ہمارے بھائی ہیں لیکن بدقسمتی سے صوبے کو سندھی صوبہ بنا دیا گیا ہے— فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے چیف الیکشن کمشنر سیاسی جماعت کے حلف یافتہ لگتے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ کی ذمے داری ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کا بیک گراؤنڈ چیک کریں۔

پریس کانفرنس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کر دیا ہے، صوبائی الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا کردار آنے والے الیکشن کو مشکوک بنا رہا ہے لیکن کراچی کے لوگ عوامی مینڈیٹ کو ردی میں ڈالنے کی پالیسی کو مسترد کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھی ہمارے بھائی ہیں لیکن بدقسمتی سے صوبے کو سندھی صوبہ بنا دیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا کہ نثار درانی اور اعجاز چوہان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کررہے ہیں، نثار درانی پیپلز پارٹی کے عہدیدار کے رشتہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر ہمارا اعتماد اب متزلزل ہو رہا ہے، ایم کیو ایم نے 13 حلقوں پر اعتراضات جمع کرائے لیکن ان کے اعتراضات پر کوئی ایکشن نہیں ہوا، پیپلز پارٹی کے تمام اعتراضات پر من و عن عمل ہوگیا۔

مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن کے لئے پیپلز پارٹی، صوبائی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کو لگام دینا ہو گی۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے ضلع شرقی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی کے حقیقی وارثوں کو اختیارات نہیں ملیں گے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

مزید خبریں :