Time 02 دسمبر ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کو خط، انٹراپارٹی انتخابات کیلئے سکیورٹی مانگ لی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے انٹرا پارٹی الیکشن کے پُرامن انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا، آئی جی خیبرپختونخوا اور چیف سیکرٹری سے سکیورٹی مانگ لی۔

چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط میں لکھا کہ پی ٹی آئی 23 نومبر کے فیصلے کے تناظرمیں 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے جا رہی ہے اس سلسلے میں پی ٹی آئی فیڈرل الیکشن کمیشن نے 2 دسمبر کو پولنگ کا دن مقرر کیا ہے۔

نیازاللہ نیازی نے الیکشن کمیشن کو لکھا کہ پولنگ کیلئے پشاور کا انتخاب کیا گیا ہے۔ لہٰذا آئی جی کے پی اور چیف سیکرٹری کو سکیورٹی کیلئے ہدایات جاری کی جائیں تاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کا پُرامن انعقاد ممکن ہوسکے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا پولیس نے آج پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے سکیورٹی دینے کا اعلان کردیا ہے، ایس ایس پی آپریشنز خود سکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔

ایس ایس پی آپریشنزپشاور کاشف آفتاب عباسی  رات گئے رانوگڑھی کے دورے  کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پارٹی الیکشن کے منتظمین نے رات ساڑھے 12 بجے تک پولیس کو تفصیلات نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ  تفصیلات نہ دینے کے باجود پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن والی جگہ کو پولیس محفوظ بنائے گی۔

پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی درخواست کے بعد الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور آئی جی خیبرپختونخوا کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :