02 دسمبر ، 2023
گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شاہراہ قراقرم پرنامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بس حادثےکا شکار ہوگئی اور 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بس پر فائرنگ کا واقعہ ہڈور کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں بس ٹرک سے ٹکراگئی اور بس میں آگ لگ گئی۔
ڈپٹی کمشنر دیامر عارف احمد کے مطابق بس میں 26 مسافر سوار تھے، واقعے میں 8 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مسافر بس ضلع غذر سے راولپنڈی جا رہی تھی، جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنرچلاس کا کہنا ہےکہ لاشوں اور زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر اسپتال چلاس منتقل کر دیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے وزیرداخلہ شمس لون نے معاونین خصوصی کےہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ چلاس کے قریب مسافر بس پر فائرنگ کھلی دہشت گردی ہے۔
شمس لون کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مرتکب حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا، دہشت گردی کے واقعے میں بھارت کے ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔